Desi Kimchi |desi kdrama fans|

Bequeathed 2024 KDrama Urdu: An In-Depth Review

Bequeathed

نام سے بڑا کوئی انوکھا ڈرامہ لگا نا؟مگر نہیں بھئ۔ یہ عجیب سےلفظ کا جانے کیا معنی ہے میرے خیال سے تو ڈرامے کا نام ہونا چاہیئے تھا میری کٹنی/ فتنی پھپو، کبھئ پھپھی کبھی ڈائن،فسادی پھپھو، پھپھی بھتیجی بدذات ، ایک تھئ ولن پھپھی۔ کیونکہ اس عجیب نام کےاندر کہانی نکلی پاکیزہ پھپو والی۔ تھوڑا سا اسلامی ٹچ دیا ہوتا تو ہیروئن کی ساس ہوتیں اسکی پھپو کیونکہ جینا تو حرام کیا ہوا ہی تھا۔ فرق بس یہ تھا کہ دیسی پھپیاں تعویزوں سے کام لیتی ہیں یہ کورین تھیں تو بندوق کا استعمال کرتی رہیں۔چلو بنا مزید پہیلی بجھوائے کہانی بتاتی ہوں۔

کہانی ہے ایک عدد نامراد باجی پلس آنٹی کی جنکا کیریئر انکے ایک پروفیسر صاحب بھینٹ چڑھا چکے کہ انکی جگہ کم عمر اور دلکش خاتون کو مستقل پروفیسر بنا دیا انکو نہیں بنایا، ان باجی کے شوہر ٹھرکی ہیں اور اتنے افئیرز چلاتے ہیں کہ موصوفہ نے پرائیویٹ جاسوس رکھ کر نگرانی کی اور ثبوتوں سے پکڑا ابھی یہ معاملہ نمٹا نہیں تھا انکے ایک عدد چچا گزر گئے انکے ترکے میں ایک قبرستان تھا جو اب اسکی ملکیت بننے والا تھا۔ اس قبرستان میں چونکہ قبریں ہی تھیں تو انکو بھرنے کیلئے دھڑا دھڑ قتل ہونے شروع ہوئے۔سب سے پہلے تو ان چچا کے قتل کی وجہ ہی نامعلوم رہی پھر باجی کےمیاں قتل ہوئے ایک عدد بھائی دریافت ہوا شک اسی پر ہوا مگر جاسوس بھی مارا گیا بھائی بے چارا فالتو میں خواریاں کاٹتا رہا۔ دو پولیس والے الگ گھن چکر بنے اسی پر بس نہیں آخر میں نکلیں ایک عدد پھا پھا کٹنی پھپو۔ جنہوں نے خوب گند گھولے۔ 

کہانی سے سبق ملتے ہیں

پولیس افسروں کیلئے

ایک دوسرے کے خاندان سے دور رہو۔ خاص کر ایک دوسرے کے بیٹوں کو دیکھو تو منہ پھیر لو۔ناک بھنوئیں چڑھا لو۔ پیار تو نہ کرو فکر تو بالکل بھی نہ کرو کیونکہ لڑکے کمینے ہوتے ہیں۔ خاص کر دوسروں کے لڑکے۔ 

پروفیسروں کیلئے۔

جتنے ٹھرکی پروفیسر ہوتے ہیں میرا خیال ہے انکو ایک کورس سیلف کنڑول کا بھی کروا کر نوکری دینی چاہیئے خواتین طباء اور اساتذہ سکھ کا سانس لے پائیں گے۔

رنڈوے پولیس افسروں کیلئے

قتل کے کیسوں کی پڑتال کرو خاص کر جس میں ملزم خاتون ہوں۔ اگر مجرم ثابت ہوئیں تو کیئریر بن جائے گا مظلوم ثابت ہوئیں تو زندگی

بچوں کیلئے

ابا کو مارنے سے پہلے ان کے منہ پر شاپر نا چڑھائیں۔ پہلے ابا پہچان لیں پھر ماریں

خواتین کیلئے

سکھ کی زندگی گزارنی تو جب تک میاں اپنے کالے کرتوت کا منہ سے اعتراف نہ کرے چپ کرکے زندگی گزارو۔ کیونکہ سب کے میاں کالے کرتوت کرکے بیٹھے ہی ہیں۔ ہاں کوئی اچھا رنڈوا پولیس والا مل جائے تو میاں کی جاسوسی میں کوئی حرج نہیں اب دیکھو میاں دوسری ڈھونڈ کے بیٹھا ہے تمہیں جب تک دوسرا نہ ملے کیا فائدہ میاں سے پنگا لینے کا؟

پھپو کیلئے۔

ان پھپو نے تو جو کالے کرتوت کیئے انکی رج کی پٹائی بنتی ہے۔ ایسی پھپو ہوں تو خود اپنا منہ کالاکرلو ویسے بھی انہوں نے منہ دکھانے لائق نہیں چھوڑنا۔

بھائیوں کیلئے

بھائیوں کی جو قسم اس میں دکھائی ہے وہ خاصی متروک قسم کی ہے۔ مطلب ایسا بھائی جو بہن کیلیئے جان وار دے پٹتا پھرے پیٹتتا پھرے کہاں ملتے ہیں۔ جہاں ملتے ہیں وہاں سے ایک درجن تو آرڈر دے ہی لو۔ پاکستان میں ویسے بھی دس دس بہنوں کے ایک آدھے بھائی ہی ہوتے ہیں اور اگر ایسا بھائی ہو تو جتنی پاکستان میں بہنیں ایسے ایک ہزار بھی کم پڑیں آخر کس کس بہن کے پیچھے بندہ پٹے؟؟؟؟

ذاتی رائے

نیٹ فلکس پر پڑا ہے انگلش ڈب سو دیکھ لیا ورنہ ایسا ڈرامہ نہیں کہ بندہ وقت نکال کر متھا پھوڑے۔ پھر بھی اگر موڈ ہو رہا دیکھنے کا تو دیکھ لو میں کیا کہہ سکتی۔ ویسے نیٹ فلیکس کو بھی 2×رفتار نکالنی چاہیئے۔ بہت ہی سست رفتارڈرامہ تھا یہ

Desi kimchi ratings: 2.5/5

۔5 جانے کیوں دے دیا۔۔

> » Home » Korean Drama Reviews » Bequeathed 2024 KDrama Urdu: An In-Depth Review
Exit mobile version