Devil made me do it
دیکھی۔وہی احمق لوگوں کی داستان یعنی ہارر یعنی ڈرائونی فلم یعنی احمقوں کی حماقت پر مبنی کہانی۔
۔ہارر فلموں پر تبصرہ محفوظ ہی رکھتی ہوں مگر چلو اسکو ہوا لگاتے ہیں کنجورنگ کی ہر فلم مجھے پسند آئی اسکو پسند کرنا تھوڑا مشکل لگا۔ کیوں بتا رہی ہوں تو سنو۔ کہانی ہے ایک عد دبچے کی جو گھر والوں کو مفت کا سرکس دکھاتا تھا کبھی اونچی قلابازی کھاتا کبھی پٹخنیاں کبھی بھاری آواز میں تڑیاں بھی لگاتا کہاں بچے دیواروں پر پنسل مارکر مار کر نقش و نگار بناتے یہ ناخن پھیر کر پلستر کی حالت دیکھ لیا کرتا تھا نئے پینٹ کی سخت ضرورت تھی اسکے والدین کو مگر گھر والے بجائے اسکی اس خصوصیت کو پسند کرنے کے الٹا اسکا علاج کرنے پر تل گئے۔ علاج بھئ کروا رہے ان سے جنہیں خود بھی علاج کی ضرورت بتائو کوئی ایسی خاتون جو چیزوں پر ہاتھ رکھ کر ان چیزوں سے منسلک ڈرائونے واقعات دیکھ لیتی ہوں نارمل کہی جا سکتی ہیں؟ اور انکے شوہر ایسی بائولی بیوی کی۔باتوں پر یقین کرکے سب کو بھوتوں سے ڈراتے پھرتے ہیں خود بھی ڈر ہی لیتے تھے تھوڑا تھوڑا خیر ہوا کچھ یوں کہ اتارے کے دوران بچے نے نئے جسمانی کرتب دکھائے تو اس بچے کے ہونیوالے بہنوئی نے اس بچے کو جب انہی انکل کا سینہ چیر کر دل کا قیمہ بناتے دیکھا تو ترس کھا کر بولے بچے کو چھوڑو مجھے پکڑ لو۔ دیکھی عقلمندی؟ بس پھر سوچو جن سے چار فٹ کا بچہ نہ سنبھل رہا ہو انہوں نے چھے فٹ کے اس جن کو کیسے قابو کیا ہوگا۔
اسے کہتے آ بھوت مجھے مار
کہانی سے بہت سے اسباق ملتے ہیں
بچوں کیلئے
اسپرنگ میٹرس اور واٹر بیڈ کا فرق پتہ نہ ہو تو بیڈ پر اچھلنے سے پرہیز کرو۔ اسپرنگ میٹرس سے ذیادہ سے ذیادہ اسپرنگ ہی نکل آئے گا مگر واٹر بیڈ ہوا تو کوئی ڈوبتا انسان آپکی ٹانگ پکڑ سکتا ہے میٹرس پھٹنے پر۔ اٹیچ باتھ روم میں خوف سے کبھی نہ چھپو جو چیز کمرے میں آچکی ہے اس نے باتھ روم میں آکر ذیادہ خون خرابہ مچانا ہے۔دوسرا سبق چھوٹے بچوں کے باتھ روم میں خنجر نہ رکھا کریں خنجر ویسے بڑوں کے باتھ روم میں بھی نہیں ہونا چاہیئے کوئی کام ہی نہیں اسکا ۔ مگر چلو بچہ چیخے چلائے تو آپ اسے بچانے ہی پہنچیں گے نا وہاں جا کر پتہ چلے گا کہ اب اس بچے سے آپ نے بچنا ہے۔ شکر ہے چار فٹ کا بچہ تھا تھوڑا اوپر وار کر دیتا تو ابو تو گئے تھے
امی ابو کیلئے
بچوں پر جن آتے ہوں تو بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکو اکیلا چھوڑ دو نا معلوم وجوہ کی بنا پر۔ خود ہنی مون 2.0 منا لو یا یا کچھ بھی کر لو۔ بچے نے دوبارہ چھری مارنی ہے سو اس سے بچ ہے رہو۔ ان دونوں نے بیٹی کو اسکے بوائے فرینڈ کے پاس چھوڑا خود سپاٹوں پر نکل گئے بچہ؟ بہن ہے نا سنبھال لے گی۔
بوائے فرینڈ کیلئے۔
بھیا جس لڑکی کو پسند کرتے ہو اسی پر اکتفا کرو۔ اسی سے باتیں کرو اسی کی فکر کرو اسی سے شادی کرلینا اگر کرنے دی گئ تو ۔ سالے کو اپنے سالے کی اتنی فکر تھی کہ لگے گا سالا سالا نہیں اسکا آدھا گھر والا ہے ۔ مطلب رو رہے کہ سالا تڑپ رہا۔ پھر بیٹھ گئے بھوتوں سے گفت و شنید کرنے جیسے انکی مرضی ہوگی تو رشتہ پکا ہوگا ورنہ وہ سالے کو نچاتے رہیں گے اسکی شادی ٹل جائے گی۔ ابے سالے وہ اتنی سننے والے ہوتے تو بچے پر سوار ہو کر گھر والوں کو سرکس دکھاتے؟ اگر بھوت بھوت نہ ہوتے تو آٹھ بجے ڈرامے کی جگہ ٹی وی بند کرکے بیٹھ کر اپنی دکھ بھری داستان کا ون مین شو چلاتے سب کو سناتے داد و تحسین پا کر جہنم لوٹ جاتے ۔ معاملہ ہی ختم۔مگر نہیں وہ بھوت ہیں انہوں نے دو گھنٹے پورے کرنے فلم کے۔
گرل فرینڈ کیلئے۔
بھائی پر بھوت آتے ہوں تو فورا بوائے فرینڈ بنا لو۔بس مسلئہ ہی ختم۔
قتل ہونے والوں کیلئے۔
بھئ جن لوگوں کے ہاں بھوت پریت کا آنا جانا ہو وہاں آنا جانا کم رکھو کوئی پتہ نہیں کب کہاں کس پر بھوت آئے اور آپ چونکہ اضافی کردار ہیں اسلیئے پہلی فرصت میں عالم بالا پہنچادیئے جائیں۔
اتارا کرنے والی آنٹی کیلئے۔
بھوتوں کو جانو بھوت بنو نہیں۔ پورا پورا واقعہ دہراتے بھوت کہانی میں بھوت بن کے موصوفہ جتنی بار مرتے مرتے بچی ہیں دل تو کیا کہ ایک آدھ الٹے ہاتھ کی لگا ہی دوں۔ کونے کھدرے نہ چھوڑے مطلب مجھے اب جاکے پتہ چلا کہ جو لکڑی کے گھر ان انگریزوں نے بنائے ہوتے ہیں ان کے ڈیڑھ فٹ نیچے پورا اسٹور ہوتا ہے جس میں سینیٹری پائپ وغیرہ لگے ہوتے ہیں ان میں رینگ کر بندہ گھس بھی سکتا ہے کم از کم چوہے تو جا ہی سکتے ہیں۔ یار۔ خود ایسی الٹی سیدھی جگہیں بنائوگے تو کوئی سوئی لگا پتلا کوئی بھوت پریت والا مجسمہ چھوڑ ہی جائے گا نا وہاں۔
اتارا کرنے والے انکل کیلئے۔
مذہبی کتابیں پڑھو مگر خود۔ موصوف دوسرے پادریوں پر اکتفا کرتے رہے وہ زخمی ہو کر پڑ گئے انکے دل پر جا لگی۔ سچی ایسا ہی ہوا۔ بھئ عقل کو ہاتھ مارو باقی پادری ہیرو تھوڑی تھے۔ ایک مکا ایک دھکا دو پلیٹیں لگیں بائبل سمیت بے ہوش ہو گرے۔ او ریہ اگلا بھوت انکا کلیجہ نہیں دل دبا رہا او ریہ بول رہے بجائے کہ کوئی بائبل کی آیت پڑھتے کہ بھوت بھاگتا اس بوائے فرینڈ کو منع کر رہے بھئ بھوت سے بات نہ کرو حالانکہ وہ نہ کرتا تو یہ وہیں ٹیں ہوجانے تھے۔
بھوتنی آنٹی کیلئے۔
بھئ کوئی چلہ کاٹو کوئی جادو ٹونہ کرو تو بی بی اس میز کی حفاظت بھی کرو جس پر سب خون راکھ اور چیتھڑے غلاظت جمع کرکے ٹونہ کر رہی ہو۔ موصوفہ اس میز کو چھوڑ چھاڑ پورے تہہ خانے میں اٹھکیلیاں کرتی پھریں اسٹار پلس کی ولن آنٹی کی طرح ۔ ہیرو انکل کی آنکھوں میں دھول بھی جھونک دی انکو آنٹی کو مارنے پر اکسا دیا مگر نتیجہ کیا تلسی کی محبت جیت گئ۔ انہی انکل نے آنٹی کی بجائے ہتھوڑا میز کو دے مارا۔ اوہو اسپائلر دے دیا؟ چلو کوئی نہیں فلم تو پھر بھی دیکھنی ہی ہے۔
ذاتی رائے
دیکھو۔ دیکھنے میں حرج نہیں مگر سیکھنا ضرور۔ ایک تو جادوگر چاہے جتنا کہے اسکی آنکھوں میں نہ دیکھنا بٹہ اٹھا کر اسکے منہ پر مار دینا۔ دوسرا بھوت سے تیس مار خان بن کے معاہدہ نہ کرنا کہ اسے چھوڑو مجھے دھر لو۔ بھوت مان بھی لیتے ہیں ایسی باتیں۔ تیسرا اتارا کرنے والے بنو تو مزہبی کتاب ہمیشہ خود پڑھو۔ بھوت سامنے آجائے تو تم لوگ قرآن پڑھناآیت الکرسی پڑھنا اور یہ یقین رکھنا کہ اسکی آیتوں کے سامنے ہر جادو ٹونہ ہر بھوت پریت ہیچ ہے۔
Desi kimchi ratings: 4/5
مجھے اس میں منطقی انجام اچھا لگتا ہے حقیقت کے قریب بلکہ حقیقتوں پر مبنی فلمیں ہیں کنجورنگ سیریز کی۔