Desi Kimchi |desi kdrama fans|

Hotel Del Luna urdu review

ہوٹل ڈیل لونا
اس سال کا اب تک کا پیشکش اور کہانی کے اعتبار سے بہترین ڈرامہ ہے تیرہ چودہ قسطوں تک تو دم اٹکتا رہا کہ نہ جانے کیاہوگا اوراگلی قسطوں میں یہ دم اٹکا رہا یہی کیوں ہوا بھئ۔ دماغ گھاس چرنے چلا گیا تھا کیالکھنے والوں کا؟۔
خیر کہانی ایک 11 سوسال زندہ رہنے والی گناہگار لڑکی کی ہے جس کا گناہ جب کھلے گا تو دو چار گناہ کرکے لڑکی کے سر ڈالنے کو دل کرےگا مطلب کیا کوئی حد ہے ۔ ہوا کچھ یوں ایک لڑکی کچھ لوگوں کو قتل کرکے آدھے چاند کے ہوٹل میں جا کر انکی بخشش طلب کرتی ہے جہاں ایک شرارتی دیوی اسے ایک درخت سے روحانی طور پر باندھ کر رفو چکر ہو جاتی اب وہ درخت سوکھ چکا ہے نہ پھول اگتے ہیں نہ پتے یہ لڑکی کا کام اس ہوٹل میں بھٹکتی روحوں کی خدمت کرنا انکی بےچینی دورکرکے اگلی منزل پر روانہ کرنا ہے ۔ یہ لڑکی زندہ رہ رہ کر بدمزاج سڑیل غصہ ور ہو چکی ہے جو کہ سمجھ میں آنے والی بات ہے 11 سو سال کیا آجکل کے تو بس 11 سال کے بچے بھی زندگی سے پریشان اداس اکتائے پھرتے ہیں ۔ خیر اس لڑکی کو 11 سو سال بعد 11 سوسال پہلے کی ناکام محبت سے نفرت کرتے ایک نئی محبت ہوچلی ہے۔ اور یہاں سے آپکا دل کرےگا اس لڑکی سے نفرت کربیٹھیں مطلب ناحق میرے پالو اوپا سے نفرت کر کر اسے جگنو بنا کر 11 سو سال بھٹکاتی رہی اب اچانک نئی محبت ہوگئ افف۔۔
اس کہانی سے بہت سے دردناک سبق ملتے ہیں ۔۔
سائیڈ ہیرو کیلئے۔۔
بھئ تم لوگ کے ڈرامہ کی دنیا میں آتے ہی زلیل و خوار ہونے کیلئے ہو۔ ایک تو ہیروئن کو قاتل بننے سے بچانے کو خود کشی کر ڈالی اوپر سے یہ نہیں کہ خص کم جہاں پاک کے مصدق اگلی منزل طے کرتے نہ جی جگنو بن کے اسی کے گرد منڈلاتے رہے کیا ملا؟ 11 سو سال اگلی زبان پر تمہارا نام تک نہ لائی اور جب لائی تو تمہیں ہاتھ پکڑ کر عالم بالا چھوڑ آئی۔ کیا ملا جی کے اس سے بہتر تھا دو تین بار کتے کی موت مرجاتے کم از کم جگنو بن کے 11 سو سال اڑنا تو نہ پھرتا۔۔
سائیڈ ہیروئن کیلئے۔۔
بھئی مر جائو کسی کے ہاتھوں اور پھر اپنے قاتل کے جسم میں رہ کر مزے سے دوبارہ زندہ ہو جائو۔۔ دنیا میں تم سے زیادہ خود غرض لڑکی نہ دیکھی میں نے۔ بھئ موت آگئ ہے تو مر جائو یہ کیا غصے میں قاتل کو ڈرا ڈرا کر ماردو اور اسی کے جسم میں گھومتے پھرو ۔ کوئی دین ایمان ہے تمہارا کہ نہیں تم سے ہمدردی چھوڑ دل کیا اس بار اس نئے جسم کو اٹھا کر سڑک پر پھینک کر دوبارہ مار دوں تمہیں
سارے ایکسٹراز کیلئے۔۔
بھئ مانا مرنے کے بعد بھٹکنے کا دل کرتا ہے دنیا میں مگر تم لوگوں کو مزا کیا آرہا تھا ہوٹل کی بیرا گیری کرکے۔ کسی سنسان بیابان میں گھوم پھر کر لوگوں کو ڈراتے دہشت پھیلاتے کوئی نئے ڈرامے بنتے تم لوگوں کے قصوں کے کیا کیا تم لوگوں نے؟ کوئی کسی اور کے نام سے اپنا ناول چھپوا کے خوش تو کوئی اپنی بہن کے مرنے پر اسے ساتھ لے جا کر خوش حالانکہ اس نے بھی مرنے کے بعد خود ہی اوپر آجانا تھا۔ پھر وہ آنٹی بھئ ایک بیٹی مری پورے خاندان کا ایک ایک فرد اگلی نسلوں تک کا جب تک نہ مر جائے یہ اوپر نہیں جائیں گی حالانکہ سب مر مر کے اوپر ہی پہنچے ہونگے کیا مزا آیا بی بی تمہیں اوپر خاندان کا مجمع اکٹھا کرکے اس سے بہتر تھا پہلے اوپر چلی جاتیں کم از کم کچھ وقت تو ان شکلوں کو دیکھے بغیر گزرتا۔۔
ہیرو کیلئے۔۔
کم بخت تھے تم دل بھر کے۔ مطلب مری ہوئی لڑکی کے پیچھے زندہ رہنا وہ بھی مرے ہوئے دل کے ساتھ کوئی تک بنتی بھلا۔اگلی مر مرا کے اگلی منزل روانہ تم نہ گھر کے رہے نہ ہوٹل کے۔ اوپر سے لڑکی کے پرانے افیئر وں کی داستانیں خوابوں میں دیکھتے رہے ۔ ارے خواب میں تو لوگ اپنے افئیر دیکھتے ہیں۔ خیر روحیں دیکھ کر ڈر کر مر جاتے آرام سے ہاتھ پکڑ کر جاتے مان وال کے ساتھ اگلے سفر پر اکٹھے۔ نہ جی مر کے نہ دئیے کم از کم خوشگوار انجام ہو جاتا۔۔
مان وال ہیروئن کے لیئے۔
مرنے کیلئے اتنا بے تاب کسی کو نہ دیکھا۔ اور مر ہی نہ چکیں تم ۔ خیر جتنی بھرپور زندگی گزاری اور عیش و آرام کے ساتھ دنیا کی ناک میں دم کیا شاباش ہے۔ اگر مجھے اتنی لمبی زندگی ملی تو تمہاری زندگی مشعل راہ ہوگی میرے لیئے کہ کس طرح لوگوں کو ناکوں چنے چبوانے ہیں۔ ایک ایک سے دل دکھانے کا بدلہ بھی لوں گی پکا فیصلہ۔ بہن کے ویسے پانچوں گھی میں سر کڑاہی میں تھی۔ اخیرشان و شوکت سے مرنے کے بعد بھی زندہ رہیں کہ رشک آیا۔ اوپر سے جس طرح اپنے احباب کی ناک میں دم کیا ہیرو کی کتے والی کی سائیڈ ہیرو کی دو بار کتے والی کی پھر شان سے پل صراط پر جا کر طنزیہ مسکرا کر ناظرین کو گھورا آہ۔۔ ایک عدد بڑی سی عداوت پال لی ہے میں نے دل میں سچی۔۔
ذاتی رائے
کہانی بے حد اچھی تھی پیشکش ہوٹل اسکے ماحول کی عکاسی بہترین تھی۔ بس آخر میں ہیرو کو اصل میں سائیڈ ہیرو کا دوسرا اوتار دکھا دیتے یا ہیروئین کو سائیڈ ہیرو کے ساتھ بھیج کر ہیرو کو ہی ہوٹل کا نیا مالک بنا دیتے تو جو میرے پالو اوپا کے ساتھ زیادتی کرنے پر میرے دل میں غم و غصہ بھرا ہے نا وہ نہ بھرتا تھوڑا سا خالی رہتا۔مگر دیکھنے والا ڈرامہ ہے ضرور دیکھو ۔ مزا آئے گا کم از کم 14 قسطوں تک ۔ انجام آج تک بس مجھے اسٹرانگ ویمن کا ہی پسند آیا ہے ورنہ ہر کے ڈرامے کی طرح اس میں بھی انجام میں تشنگی ہی رہے گی۔

Exit mobile version