kabhi main kabhi tum full review
یہ ڈرامہ آدھے ایشیا نے دیکھا تو میں نے بھی دیکھ لیا۔ پہلی سے آخری تک دیکھتے یہی سوچا کہ کیوں دیکھ رہی ہوں۔ مگر چلو جوں بھئ دیکھ رہی تھی یہ حماقت آدھے ایشیا نے کی ہے۔ تو مجھے جج مت کرناکہانی شروع ہوتی ہے ایک عدد نہایت لائق فائق لڑکے سے جسکی شادی ایک ذہین فطین ہر فن مولا لڑکی سے ہو رہی ہے۔ لڑکے کا ایک بھائی اور بھئ ہے جو نہایت نکما نالائق ہے ۔ لڑکی کی دو بہنیں اور ہیں۔ شادی سے پندرہ دن قبل لڑکے کو اسکی باس بلا کر پرپوز کرتی ہے اقر لڑکے کو نظر آتی ہے اسکی بیش بہا دولت سو جھٹ اپنی منگنی توڑ لیتا ہے۔ اب لڑکی بدنامی کے ڈر سے اسی لڑکے کے چھوٹے بھائی جو کہ نکما ہے اس کو پرپوز کرلیتی ہے یوں دونوں بھائی کم خرچ میں شادی شدہ ہو جاتے ہیں۔ بعد میں وہی امیر بھائی امیر بھابی اور ان غریبوں کی چپقلش شروع ہو جاتی ہے ۔
کہانی سے سبق ملتے ہیں۔
چھوٹی بہنوں کو
شادی کر لوکام ملے گا۔۔ کیونکہ جس چھوٹی بہن کی شادی ہوگئ اسکے پھر دو چار مناظر فلمبند ہوئے دوسری والی بے چاری کو تو گنتی کے چار جملوں میں نمٹا دیا پوری چونتیس قسطوں میں۔
شادی شدہ چھوٹی بہنوں کو
اپنی بڑی بہن کے سسرال مت جائو خاص کر اگر وہ ہیروئن ہو۔ اور شوہر کو تو بالکل مت لے کر جانا۔ کیونکہ بڑی ہیروئن کو مظلوم دکھانے کیلئے تم دونوں فضول کی بے عزتی کروالو گے اور اس بے عزتی والے منظر کے علاوہ ڈرامے میں اور کہیں کام بھی نہیں تم لوگوں کا۔ ہاں ایک اور کام ہے۔ فون بند رکھنے کا۔ گو لکھاری نے ایسا نہیں لکھا مگر میں نے مارجن دیا ان دونوں نے بھی کہانی کے اہم کرداروں کی طرح فون بند رکھا ہوگا یا گھر چھوڑ کر باہر نکلے ہوں گے اب فرحت آپی کو اتنا مارجن دینا بنتا ہے
موقع پرست لڑکیوں کیلئے
موٹے ٹھلے شوہر ڈھونڈو مگر پھانسو موٹی آسامی۔ ہاں پھر بھی دل اچاٹ ہو رہا ہو تو اگلا بندہ بھی امیر ڈھونڈو ۔ ان باجی کے ساتھ اچھا نہیں ہوا۔ انکا ہمپٹی ڈمپٹی بھی چھن گیا اور
Hottie
فقیر ہوگیا۔
امیر لڑکیوں کو۔
بہنوں اپنا بر امیروں میں ہی ڈھونڈو۔ اور غریب لڑکا پٹا بھئ لو تو اسے تنخواہ دار شوہر ہی بنا کر رکھو ورنہ وہ لالچی تمہارے ابا کا کاروبار ڈبو دے گا۔ ہاں سہیلیاں بھی امیر کبیر بنائو جنکو تمہارے نخروں پر کڑھنے کی بجائے خود نخرے کرنے سے فرصت ہی نہ ملے۔
غریب گھر کے قابل لڑکوں کیلئے
قابل بنو امیر لڑکیاں جھک مار کر پیچھے آئیں گی ۔ یہ بھائی خود اپر کلاس پہنچ گئے دماغ مڈل کلاس ہی رہ گیا۔ یہ بھول گئے کہ مڈل کلاس بیویاں جو سب نخرے سہہ کر سو جوتے کھا کر بھی وفا کی دیوی بنی رہتی ہیں اسکی وجہ یہ ہوتی ہے انکو یہ پتہ ہوتا کہ شوہر کے علاوہ ٹھکانہ نہیں۔ اور امیر بیویوں کے پاس چونکہ ٹھکانہ ہوتا ہے سو انکو مڈل کلاس مردوں والی انا غرور اور آوارہ گردیاں دکھانے کی غلطی نہ کرنا ۔وہ زلیل ہونے سے زلیل کردینا بہتر سمجھتی ہیں۔
غریب والدین کیلئے۔
اگر دو بیٹے ہوں تو کم از کم ایک کی امیر گھر میں شادئ کروادو ہارٹ اٹیک کروانے میں آسانی رہے گی
اس ایک فائدے کے سوا اور کوئی فائدہ نظر نہ آیا اس کہانی میں۔
امیر والدین کیلئے
امیر ہو تو بیٹئ کو بتائو بھی کہ بھئ ہم امیر ہیں۔ انہوں نے پیسے والے گھر میں پیدا کرکے بھی بیٹی کو مکمل نوکرانی بنا رکھا تھا۔ بندی نوکری کرتی گھر سنبھالتی چپ کرکے باتیں بھئ سنتی رہی کیوں؟ اپر مڈل کلاس والدین کی نہایت لوئر مڈل کلاس ذہن رکھنے والی بیٹی کیسے پیداہوگئ؟پھر ذرا گھر سے نکالےگئے ٹوٹا چاول لینے لگی؟ اور چائے کا سامان تک تو لینا آتا نہیں بنتئ سگھڑ ہے ۔جتنی توجہ سے آنٹی اپنا میک کرتی رہی ہیں اتنی توجہ بیٹیوں کی تربیت پر کی ہوتی تو مصطفی کو کان سے پکڑ کر سسرال لے آتی۔
بہنوں کیلئے
چلتر بنو کمینی بنو کچھ باتین بنانا ساس سے ہی سیکھ لو۔ یہ کیااچھا شوہر کیا مل گیا یہ بہن اپنا گھر ایسا بھولیں کہ بھائی نے بیچ کر حصہ بھی کھا لیا یہ خوش رہیں سسرال میں۔ بہن حصہ بنتا تھا تمہارا۔ ہاتھ منہ گھٹنے پائوں چومتی رہیں ابا کے اور ابا نے سب بیٹوں پر وار دیا ۔۔ اسکی بجائے کچھ فتنے فساد کوئی جادو ٹونہ کرایا ہوتا بھائیوں پر تو یوں دودھ میں سے مکھی کی طرح نہ نکال پھینکتے
۔ہیرو کیلئے
بھائی قابل ہو تو جو لڑکی پسند آئے اسکا بھائی سے رشتہ پکا کرادو بھائی کو پھر کوئی مل جانی تمہیں ایسا موقع نہیں ملنے والا۔ان بھائی کی لاٹری کھلی نا لو کرنا پڑا نا ارینج بس شادی ہوگئ ۔ اور شادی کے بعد جو وارے نیارے ہوئے اس سے سب نکمے بیٹے کے والدین کو مشورہ ہے بھئ اپنے لائق بیٹے کی منگنی تڑوا کر نکمے کی اس لڑکی سے شادی کراکر گھر سے نکال دو بیٹا کروڑپتی بن جائے گا۔
ہیروئن کیلئے
بہت اچھے لڑکے کا رشتہ آجائے تو ذہنی طور پر ایک نکمے نالائق بےروزگار سے شادی پرتیار رہو۔ کیونکہ اچھا لڑکا ہے تو تمہیں کیوں ملے گا بھئ؟ اور نکما لڑکا ہمت بھی نہیں کرے گا پرپوزکی تو اسے بھی خود ہی ڈھونڈ کر بیک اپ کے طور پر رکھنا۔بلکہ تمام لڑکیوں بیک اپ پر ایک نکما لوزور تیار رکھو ہمارے یہاں سب سے آسان شادی کینسل ہونا ہوتی ہے۔ کچھ نہیں کچھ نہیں تو کوئی مر مرا جاتا تو ایسی صورت اسٹپنی دولہا تیار رکھو آخر اس دنیا کو منہ دکھانا جو پہلی قسط کے بعد کبھی پس منظر میں بھی دکھائی نہ دے سکی۔
کہانئ سے سبق
کہانی سے سبق ملتا ہے کہ شوہر کی اگر اچھی نوکری لگ جائے تو اسے ناک تک عاجز کردو اسے اپنے مسائل میں اتنا الجھا لو روتی پیٹتی رہو اتنے طعنے دو کہ وہ اگر پیسہ آتے ہی عدیل کی طرح دوسری عورت کے بارے میں سوچنے لگے تو مصطفی کی طرح ایک شرجینا کے ہاتھوں اتنا زندگئ سے عاجز آجائے کہ دوسری چھوڑ پہلی کے نام سے ہی کانوں کو ہاتھ لگائے ۔
ایک سبق اور بھئ ملتا ہے مرد کو عورت چاہیئے ہوتی ہے پھر پیسہ اور پھر نئی عورت تو کوشش کرو اگر تم وہ عورت ہو جسکے بعد مرد کے پاس پیسہ آئے تو مرد کے پاس پیسہ آنے ہی نہ دو سمجھ رہئ ہو نا بہنو؟ کیونکہ پیسے کے بعد پتہ ہے نا کیا آتا؟ بلکہ آتی؟ دوسری عورت۔۔۔۔۔
۔ذاتی رائے۔
بھئی اس ڈرامےکا آغاز الگ تھا پہلی دو تین قسطوں تک کہانی آگے بڑھی بھی پھر شائد فرحت اشتیاق کو نیٹ فلیکس والی آفر آگئ اس ڈرامے کی قسطیں لکھنے کا دل نہیں کیا ہوگا۔ مطلب اتنے جھول تو ہم سفر میں نہ تھے حالانکہ اس سے دس گنا بکواس کہانی تھی پھر بھی سب قسطیں باجی نے پوری کردی تھیں۔مطلب ایک تو لڑکی نے زبردستی گلے پڑ کر شادئ کی پھر ڈھیلے ڈھالے شرارتی مگر شریف سے ہیرو کو طعنے تشتنے دے دے کر سخت مزاج کھڑوس مرد میں بدل دیا کیوں بھئ؟ اور چلو جو کیا سو کیا یہ 2024 میں اسٹکی نوٹس والا رومانس ؟ فرحت آپی آپکے زمانے میں بھلے واٹس ایپ نہیں ہوتا ہوگا مگر یہ تو سوچیں آپ لکھ رہی ہیں 2024 میں رہنے والوں کیلئے ۔ کون آج کل کے دور میں اسٹکی نوٹس پراظہار محبت لکھتا؟ اور جب دونوں میں دوستی ہوگئ اسکے بعد تو واٹس ایپ سے انبلاک کروادیتیں اتنے فالتو جملے لکھوائے آخر میں وہ بھی پرانے مکان کی دیوار پر چپکانے کیلئے یہ دونوں نئے گھر سے وہاں اسٹکی نوٹس چپکانے جاتے تھے؟ اور دنیا کی کونسی ایسی لڑکی ہے جسے اپنے شوہر کا امیر ہوتے جانا برالگتا؟ اس لڑکی کو تودنیا کا نواں عجوبہ قرار دینا چاہیئے
۔۔روائتی ساس بہو ڈرامے کی عام سی کہانی کو عام سے انداز میں فلما کر نہایت واہیات آخری قسط بنا کر بھئ مشہور ترین ہوجانا فرحت اشتیاق کا کمال ہے بلکہ انکی قسمت ہے بھئ۔
میری ذات ذرہ بے نشان کا ہلکا پھلکا ورژن ہم سفر لکھا وہ بھی ہٹ گیا اور اب یہ برنس روڈ کے رومیو جولیٹ کا سیکوئیل لکھ کر بھئ ہٹ ہوگئیں واہ۔ قسمت ہوتو ایسی
Desi kimchi ratings: ⅗
٣اسلیئے دیا کہ سب نے دیکھا ہے کچھ تو پسند آیا ہوگا۔ مجھے فہد آیا۔ اس نے کمال ہی کیا ہے باقی دنیا ہانیہ پر مرمٹ رہی ہے مجھے تو خاص اداکاری نہیں لگی اسکی سچی بات۔