Desi Kimchi |desi kdrama fans|

Love Reset korean 2023 rom com movie review in urdu

Love Reset

اسکی جھلکیاں دیکھیں اور بس پاگلوں کی طرح انتظار کیا واقعی پاگلوں کی طرح ہی انتظار کیا نا کس ایشین پر ڈھونڈا نا کہیں اور بس ہائی ٹی وی پر آنے کا انتظار کیا۔ اب آیا تو سب ٹائٹل نبود( نہیں تھے) پھر سب ٹائٹل آئے تو ڈائلاگ الگ چل رہے تھے سب ٹائٹل الگ اب کل جا کے دونوں کا تال میل ملا تو دیکھی۔ کنگ ہانل اور جھنگ سومی ہیرو ہیروئن ہیں دونوں اچھے اداکار دونوں پسند تو شروع کردی دیکھنی۔

کہانی شروع ہوتئ ہے کنگ ہانل کے رونے سے کیونکہ جھنگ سومی شادی کر رہی ہے اور وہ اسے پی کر ٹن ہو کر یاد کر رہا ہے اچانک اسے واپس حاصل کرنے کے لیئے باہر جانے لگتا ہے  دروازے کو کھولتا ہے سامنے دلہن کے لباس میں جھنگ سومی کھڑی ہے۔ ڈر کر گر ہی جاتا ہے بےچارہ ۔ ہاں تو جھنگ سومی اپنی شادی سے اٹھ کر چلی آئی ہے۔ اس پر گھر والوں کا وہی ردعمل ہے ابا گولی مار کر کنگ ہانل کو اڑا دینا چاہتے ہیں اور ہیروئن کی چھوٹی بہن اپنی بڑی بہن کے ڈراموں پر پراگندہ خاطر ہے ماں سب معاملہ سنبھال لینا چاہتی ہے لو جی شادی ہوگئی دونوں کی۔ پھر وہی ہوا جو سب شادی شدہ جوڑوں کے ساتھ ہوتا۔دونوں کو اب ایک دوسرے کی شکل سے نفرت ہوچکی ہے اور محض سال دو سال میں ہی نوبت طلاق تک پہنچ چکی ہے دونوں نے کونسل کے سامنے جو طلاق کی وجوہات بتائیں اس سے کونسل تو کونسل مجھے بھی یہی لگنے لگا کہ پہلی فرصت میں طلاق دلوائو دونوں کو اتنی کتا فضیحتی مچائی ان دونوں نے۔ کونسل نے 30 دن کا وقت دیا کہ فیصلہ کرلو ورنہ ہم تو طلاق کروادیں گے۔ اس فیصلے کے بعد دونوں لڑتے جھگڑتے واپس آرہے ہوتے ہیں کہ گاڑی کو حادثہ پیش آجاتا ہے دونوں بیہوش ہوش میں آئے تو ہوش کھو بیٹھے کہ یادداشت بھی کھو بیٹھے ہیں۔  اب نا ماں باپ کو پہچان رہے نہ ایک دوسرے کو۔ پتہ چلا دونوں میاں بیوی ہیں تو ہیرو تو پیاری بیوی کو دیکھ کر خوش ہوا ہیروئن نے اپنی عقل پر نفرین بھیجی۔ اب طے ہوا کہ دونوں اکٹھے رہیں گے مگر الگ ۔۔ سو ان پر نظر رکھنے کیلئے چھوٹی بہن کو ساتھ بھیجا گیا ۔ اب اگلے تیس دن میں کیا ہوگا یاداشت واپس آئے گی اور طلاق لے لیں گے یا بالی ووڈ کی طرح پھر محبت ہو جائے گی۔جاننے کیلئے دیکھیئے لو ریسیٹ

کہانی سے عجیب عجیب سبق ملتے ہیں۔

دوستوں کیلئے۔

بھائی بار کھولو تو دوستوں سے تعلقات ختم کرلو ورنہ مروت نبھاتے خود بار سے باہر کھڑے ہوگے۔ کیوں؟ خود دیکھ لینا مجھے شمو آجائے گی بتاتے۔

ابا کیلیئے۔

بھئی بیٹیوں کے باپ ہونے کی بلا وجہ کے بھرم نہ پالو نقصان اٹھائو گے۔ یا تو بیٹی کو اعلی تعلیم دلوانی پڑے گی یا اسکی اچھی جگہ شادی کرانی پڑے گی دونوں صورتوں میں سب پریشانیاں ابا کی۔ تو بیٹی کو خود ہی پسند کرنے دو کم خرچ بالا نشین شادی ہوگی نہیں تو بیٹی نے شادی ہال سے بھاگ کر بھی ناک ہی کٹوا دینی ہے۔

اماں کیلئے۔

امائیں دنیا کی مظلوم ترین مخلوق ہیں۔ ایک کھڑوس میاں ٹکرتا ہے اور اسکی بیٹیاں بھی اسی جیسی۔ ایک واحد یہ سمجھ بوجھ سے کام لینے والی نیک نرم دل خاتون ان تینوں کے درمیان پل کا کام دیتی ہیں۔نتیجہ پوری فلم جتنے کشٹ انہوں نے اٹھائے ہیرو نے بھی نہ اٹھائے۔ بہر حال انہوں نے وہی کیا جو امائیں کرتیں۔ بڑی بیٹی پر صبر کرکے چھوٹی پر خوب کڑی نگرانی رکھ لی۔ 

بہن کیلئے۔

چھوٹی بہن ہونے سے بہتر بندہ چھپکلی ہو۔ کم ازکم کونے کھدروں میں چھپنے سے جان بچ سکتی ہے۔ بے چاری نہ تین میں نہ تیرہ میں الٹا بڑی بہن کی پر کرنی اسکے آگے آئی۔ بڑی بہن نے شادی کی اس کو گانا گانا پڑا۔ بڑی بہن نے طلاق لینی چاہی تو اماں ابا اسکو باہر پڑھنے بھیجنے لگے یہ بے چاری ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر کہتی رہی مجھے باہر جانا اسکو نہ بھیجا۔ بڑی بہن شادی بچانے لگی تو بھی ملبہ اسی پر کہ انکے ساتھ انکے گھر رہ کر نظر رکھو۔ اس مظلوم کردار پر ایک نئی فلم بننی چاہیئے۔بڑی بہن کی چھوٹی بہن ۔ ویسے والدین پہلے بچے کے بعد بھول کیوں جاتے کہ باقی آنے والے بچے بھی پیار و لاڈ کے قابل ہوتے ہیں؟

ساس کیلئے۔

امیر بہو اگر قسمت سے مل جائے تو پہلی فرصت میں خود اس سے قطع تعلق کرلو ۔ جتنا اس فلم میں ہیروئن کی وجہ سے ان خاتون نے اپنی بچت و سگھڑاپے پر سمجھوتے کیئے اتنے تو زندگی میں کبھی نہ کیئے۔ ایسی فضول خرچ اور نکمی بہو ۔ اس سے بہتر راہ چلتی فقیرنی سے بیٹا بیاہ لیتیں۔مگر خیر بیٹے نے بھی تو خود ہی پسند کی تھی کونسا ان سے پوچھا۔ 

ڈاکٹر کیلئے۔

کے ڈرامے دیکھا کرو کوئی نہ کوئی امید  مریضوں کیلئے دینے کو آپ کے پاس رہے گی۔ ان موصوف نے پی ایچ ڈی کیا ہواتھا کے ڈرامہ میں ۔ ہر صورت ایسا حل نکال لاتے کہ اگر فلم مزید چلتی رہتی تو یہ حل دیتے کہ ہیرو ہیروئن کو مریخ بھیج دو۔ جب وہاں دھوپ میں جلیں گے بنا کھانے پینے ہوا پانی کے تو زمین پر انسانوں کی طرح رہنا سیکھ جائیں گے۔

ہیرو کیلئے۔

پڑھائی میں ناکام ہو تو بار میں جا کر کتابیں لیکر بیٹھ جایا کرو۔ پڑھائی ہو ناہو پی کے ٹن کوئی قسمت کی ماری مل جائے گی۔ پاکستانی لڑکوں مت سیکھنا کچھ اس سے۔ پڑھائی سے بھی جائوگے اور لڑکی بھی نہیں ملے گی۔ پاکستان میں کہاں پی کے ٹن لڑکیاں ملا کرتی ہیں۔ ؟ الٹا بار میں جانے والی شہرت پا لی تو ویسے ہی اپنی لڑکی نہیں دے گا کوئی۔۔ 

ہاں تو ایک تو بار میں ناچتے لوگوں کے درمیان بیٹھ کر پڑھو اور انتظار کرو کسی لڑکی کو اچھو ہو جائے۔ نہ ہو تو خود ہی اسکے منہ میں ٹینس بال ڈال کر حلق بند کردو پھر اسکوفرسٹ ایڈ دو۔ لڑکی نہیں ملے گی۔ مگر پہچان ضرور جائے کہ یہ وہی کمینہ لڑکا ہے۔ تو ہو سکتا ہے اسکابریک اپ ہو جائے وہ اکیلی کسی دن بارش میں بس اسٹاپ پر کھڑی کسی کے دھکے سے زمین پر گر جائے تو تم پیچھے سے چھتری لیکر پہنچ جانا ۔ اس دن دیکھ کر اگر تمہاری شکل اسے منحوس سے ذیادہ مانوس لگی تو بس زندگی بن گئ تمہاری۔

ہیروئن کیلئے۔

پی کے ٹن ہو کر مت پھرا کرو۔ دیکھو میں تنگ ذہن نہیں کہ لڑکیوں کو سگریٹ شراب نہیں پینی چاہیئے بھلے کیلئے کہہ رہی ہوں۔ یہ بہن اگر پی کر ٹن نہ ہوتی تو کبھی ہیرو سے نہ ملتی۔ نہ ہیرو سے ملتی نہ اس کی شکل دیکھی دیکھی لگتی۔ نہ شکل دیکھی دیکھی لگتی نا ہیرو جیسے گھامڑ گھونچو نکمے بے روزگار انسان سے محبت ہوتی نا شادی ہوتی نہ طلاق کی نوبت آتی۔ آخری منظر تک ہیروئن کی طلاق لینے کی ہر وجہ صحیح لگے گی۔پھر بھی۔۔

 

شادی شدہ جوڑوں کیلئے۔

شادی کا ہنی مون پیریڈ گزرتے ہی  ہفتے بیوی کے ساتھ گاڑی میں جاتے گاڑی ٹھونک دیا کرو۔ یا تو اپنی یا بیوی کی یادداشت کھو جائے تو سب سکھ ہے شادی لمبی چلے گی۔ مزید اگر اپنی یادداشت واپس آبھی جائے تو سو نفل مان لو بیوی کی یادداشت کبھی واپس نہ آئے۔کیونکہ تمہاری یادداشت واپس آگئ تو بیوی کو برداشت کرلوگے بیوی کی یادداشت واپس آگئ تو تمہارا کیا ہوگا؟ یہی مصلحت لکھاری کے بھی پیش نظر رہی ہوگی کہ اس نے آخری منظر تک لڑکی کی یادداشت واپس نہ آنے دی ورنہ تو۔۔

ذاتی رائے۔

جتنی جھلکیوں سے مزاحیہ خوش مزاج زندگی سے بھرپور فلم لگ رہی تھی اتنی ہے نہیں۔ مطلب بیچ میں تو ایک طویل عرصہ ان دونوں کے جھگڑے دیکھ کر الجھن آنے لگی ایک تو اصل زندگی میں اردگرد جھگڑے جوڑے دیکھو پھر فلم میں بھی۔ خیر آنڈین فلموں سے تو لاکھ درجے ہی اچھی فلم ہے۔سو دیکھ لو تم اب سب بڑے ہوچکے ہو تم لوگ میں کیا پابندیاں لگائوں تم سب پر کہ فلاں فلم دیکھو فلاں نہیں۔۔ 

Desikimchi ratings: 3.8/5

سب نمبر ہیرو ہیروئن کے۔ دونوں نے انت کی اداکاری کی ہے۔ آپ سوچ بھی سکتے کنگ ہانل گھامڑ گھونچو لگ سکتا؟ لگ رہا ہے اس فلم میں واقعی۔

cant read urdu? listen full review here
> » Home » Korean movies reviews » Love Reset korean 2023 rom com movie review in urdu
Listen to this review here

Exit mobile version