کوئین آف ٹیئرز
یہ مجھے جھلکیوں سے کوئی خاص نہیں لگا تھا۔ سوچا کہ روائتی کہانی ہوگی بدتمیز لڑکی تمیز دار اسکا ملازم محبت ہوگئ وغیرہ مگر کہانی کچھ اور نکلی۔ کہانی شروع ہوتی ہے کم سوہیون اور کم جی وون کی شادی کے بعد ایک ڈاکیو انٹرویو سے جہاں وہ بتاتے ہیں انکی شادی کو تین سال گزر چکے ہیں اور وہ خوش ہیں۔ یہ بات ہیرو کو بتانی پڑ رہی اور جس سڑے منہ کے ساتھ بتاتا اس سے اندھے کو بھی نظر آجائے کہ وہ خوش نہیں۔ وجہ ہے اسکی خر دماغ مغرور بے حس بیوی جو انتہائی امیر کبیر خاندان کی چشم و چراغ ہے۔ بندی ذہین ہے اور ٹھیک ٹھاک بد تمیز بھی۔ ہیرو کو اس وجہ سے کہ وہ اسکا شوہر ہے اور اسکی کمپنی میں ہی لیگل ایڈوائزر ہے وہ ذرا سا بھی گھاس ڈالنے کو تیار نہیں۔ اسکا اپنا خاندان ہے جہاں ہیرو گھر داماد ہے۔ باپ بھائی ماں پھپھی دادا سب ہیں سب ہیرو کو عزت دیتے ہیں نہ دیں تو ہیروئن انکو کچا چبا جائے۔ لگتا ہے کہ ہیروئن کے دل میں کوئی نرم گوشہ ضرور ہے جبھی وہ ہیرو کی بے عزتی نہیں ہونے دیتی مگر ہیرو کو ہیروئن سے شدید مسلئہ ہے اسکے سرد رویئے اسکے بد لحاظ انداز گفتگو سے اتنا نالاں ہے کہ طلاق کیلئے تمام کاغذات بنوا کر جب ہیروئن کو دینے ہی لگتا ہے جب ہیروئن انکشاف کرتی ہے کہ اسکے سر میں ٹیومر ہے اور وہ ذیادہ سے ذیادہ تین مہینے میں مر جائے گی۔ یہ خوشی سے اچھل پڑتا ہے کہاں طلاق کی صورت میں اس نے خالی ہاتھ رہ جانا تھا کہاں امیر رنڈوا بننے کے اثار پیدا ہو چلے تھے کہ اثاثے کی تقسیم کی صورت میں اسکے ہاتھ سب سے ذیادہ دولت آنی تھی ہیروئن کے گھر والوں سے بھی ذیادہ۔ اب ہیرو نے پینترا بدلا اور ہیروئن پر پہلے سے ذیادہ پیار جتانے لگا دکھاوے کا طلاق کے کاغذات چھپا لیئے اب اس نے تین مہینے کسی طرح گزارنے ہیں۔
ہیروئن جو سخت دل کمینی سی۔نظر آتی ہے درحقیقت شدید محبت کرتی ہے ہیرو سے بس چونکہ وہ لاڈلی امیر زادی ہے اسکا محبت جتانے کا انداز مختلف ہے جو ہیرو نہیں سمجھ پا رہا۔ چار قسطوں میں ہیروئن ظالم سے مظلوم ترین لڑکی لگنے لگی ہے اسکے ایک ایک رویئے کے پیچھے ٹھوس وجہ ہے۔ ساتھ ساتھ اس ڈرامے میں انکی پرانی یادیں بھی چل رہی ہیں کیسے ہیروئن کو۔غریب گھر کی انٹرن سمجھ کر ہیرو اسکی مدد کرتے کرتے اس پر مرمٹاتھا۔
ہیروئن کی بیماری ایسی ہے کہ وہ کبھی یادداشت کھو بیٹھتی ہے کبھی اسے سائے اور غیر حقیقی مناظر دکھائی دیتے ہیں۔ ان تکلیفوں کی وجہ سے اسکی شخصیت کی خامیاں بھی مدہم ہو گئ ہیں وہ ایک نئی شخصیت میں ڈھلتی جا رہی ہے جس سے ہیرو کے خشک ہوتے محبت کے سوتے دوبارہ پھوٹنے لگے ہیں۔ گھریلو سا رومان پرور دل کو چھو لینے والے مناظر سے لبریز ڈرامہ ہے۔ اتنا تفصیل سے ایک ایک جزبہ بیان کیا ہے اتنی اچھی اداکاری کررہے ہیں دونوں کہ کہانی کوئی بہت الگ مختلف نہ ہونے کے باوجود میں نے دلچسپی سے اب تک دیکھا ہے۔ آگے بھی کچھ اقساط تک تو ضرور دیکھنے کا ارادہ ہے۔
Desi kimchi ratings: 3.5/5
آدھا نمبر بس اسی لیئے کاٹا کہ لگتا ہے کہانی کافی گھسی پٹی سی ہی ہے۔