Desi Kimchi |desi kdrama fans|

A Deep Dive Into Tu Jhooti Main Makkaar Urdu Review

تو جھوٹی میں مکار
یہ فلم نیٹ فلیکس پر آگئ ہے تو دیکھنا فرض ہوا۔ پھر دیکھ لی ۔ نیٹ فلیکس پر آپ 1.5%ہی تیز بھگا کر فلم دیکھ سکتے ہیں سو اسی پر دیکھی۔ ویسے نیٹ فلیکس کو بھی یو ٹیوب کی طرح دوگنی بلکہ ہو سکے تو تگنی چوگنی جتنی بھی ہو سکے اس رفتار کے آپشن دینے چاہیئیں آخر ہم نے انڈین فلمیں بھی تو دیکھنی ہوتی ہیں۔ بھئ ہر انڈین فلم کو دیکھنے کے بعد تبصرہ کرتے ہوئے میں یہ ضرور کہتی ہوں میں کم انڈین فلمیں دیکھتئ ہوں مگر دیکھتی ہوں تو پچھتاتی ضرور ہوں۔ سو یہ جملہ آپکی نذر
کہانی پر آتے ہیں۔ کہانی ہے ایک عدد امیر کبیر خاندان کے ویلے نکمے لڑکے کی جو ایک کمپنی چلا رہا ہے جسکا کام اتنا اچھا ہے کہ میں سوچ رہی ہوں اسٹارٹ اپ کے طور پر یہ بزنس خود شروع کرلوں کیونکہ اپنے ارد گرد مجھے ایسے بہت سے لوگ نظر آرہے ہیں جو برا نہ بننے کیلئے اچھا بننے کی اداکاری کررہے ہیں اور آہستہ آہستہ بہت برے بنتے جا رہے ہیں۔فلسفہ ہے دماغ نہ لگائو کاروبار کی نوعیت کو سمجھو۔ جناب انکا خاندان جدی پشتی رئیس ہے سو مختلف کاروباروں میں ہیرو نے ٹانگ پھنسا رکھی ہے چلا بس ایک پارہا ہے وہ یہ کہ یہ پیسے لیکر لوگوں کے بریک اپ کرواتے ہیں۔ جی اگر آپ شادی شدہ نہیں اور اپنے محبوب یا محبوبہ سے تنگ آچکے ہیں اور برے بھی نہیں بننا چاہتے تو یہ کمپنی آپ سے پیسے لیکر آپکا بریک اپ ایسے کرائے گی کہ بریک اپ کے بعد آپکا سابقہ آپ پر ایسی لعنت بھیجے گا کہ مڑ کر انسٹا پر اسٹالک ( تعاقب) بھی نہیں کیا کرے گا/ گی۔ پہلا کامیاب کیس کرنے کے بعد انکا دوست اپنی انتہائی ناک میں دم کرنے والی محبوبہ سے رشتہ ختم کروانے کیلئے پیسے دیتا ہے جو یہ لے لیتا ہے مگر جب انکا قطع تعلق کروانے جاتا ہے تو ٹکر جاتی ہے ہیروئن اسی لڑکی جس سے قطع تعلق کروانا ہے اسی کی پکی سہیلی ہے۔ ۔ یہاں اس خود غرضی کی وجہ سے کہ ہیروئن کی پکی سہیلی اپنی سہیلی کے سابقہ محبوب کے پکے سہیلے میرا مطلب ہے جگری دوست سے تھوڑی تعلق بنانے میں دلچسپی لے گی یہ پیسے کھا کر مکر جاتا ہے۔ لڑکی پٹاتا ہے سائیڈ ہیرو کی آہ لگتی ہے
کہانی سے سبق ملتے ہیں۔
سائیڈ ہیرو کیلئے۔
اپنے یو ٹیوب کیرئر پر ہی دھیان دو۔ جتنی اسکرین پر موجودگی ملی ہے اتنی لمبی ویڈیو پر لاکھوں روپے ملتے ۔ ملے تو ابھی بھی ہوں گے ۔ مگر ان ویڈیوز کو دیکھنے پر کم از کم ہمیں جواب میں ہنسی تو ملتی ہے۔ یار۔
خیر چونکہ یہ کامیاب عاشق بھی ہیں تو انکو ایک سبق اور بھی ملتا ہے۔ اپنے دوستوں کو اپنی بیوی کی سہیلیوں سے پردہ کروائو۔ ورنہ انکے چکر میں اپنی کوئی گرل فرینڈ ایکس گرل فرینڈ کا درجہ نہیں پا سکے گی۔
سائیڈ ہیروئن کیلئے۔
دو گھنٹے 23 منٹ کی فلم میں جتنا فوٹیج ملا ہے اس سے ایک بات ثابت ہوتی ہے بہن تمہارا بالی ووڈ میں کوئی کیرئیر نہیں ہے۔ کھانا پکانا سیکھ لو یو ٹیوب ویڈیوز بنا لینا کم ازکم پانچ منٹ لگاتار کیمرہ تم پر فوکس تو کرے گا۔
بھرتی کے کرداروں کیلئے ( ایکسٹراز)
تم سب بھرتی کے ہو مگر ہیرو کی بہن کے شوہر کے ساتھ جو اس فلم میں کیا ہے اسے فوری طو رپر طلاق دے دینی چاہیئے۔ پوری فلم میں ایک منظر ملا ہے جس میں دو سیکنڈ کی بوتھی آسکی وہ بھی آخری۔ بقیہ چاچے مامے ہیروئن کے کزن ڈزن ایک سیکنڈ کی قیمت ہیرو کے فلمی بہنوئی سے پوچھنا اور آئیندہ وہی ریٹ رکھنا۔۔
ہیرو کیلئے۔
ٹھرکی تاڑو بنو بہت اسکوپ ہے۔ لڑکی کے آگے پیچھے پھرو عاجز کردو ناک تک جب عاجز ہو جائے تو سمجھو اسے تم سے محبت ہوگئ ہے۔ شادی ہوئی تو ٹھیک نہیں تو سائیڈ بزنس تو ہے ہی۔ نہیں سمجھے فلم دیکھ لو اتنا پکا کاروباری ہےکہ ماننا پڑے گا۔ اپنے سب گاہکوں کی دل سے عزت کرو کیوں؟ بھئ کوئی کاروبار تو چلے۔ ہاں قسمیں کھانا ایک اور شرط ہے اور تجربے سے ثابت ہوا جھوٹی قسمیں کھانے والے نہیں مرتے۔
ہیروئن کیلئے۔
کوئی لڑکا جب آگے پیچھے تعاقب کرکے ناک تک عاجز کر دے تو پہلی فرصت میں اسے جیل کرادو۔ حقیقت میں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ بے چاری نے کہیں ایف آئی آر درج نہیں کرائی اور بھگتا ہیرو کو آخری منظر تک۔ ویسے ایک مفت مشورہ ہے اگر آپکو پرفیکٹ لڑکا چاہیئے تو ابا سے کہو یتیم خانے سے کسی لڑکےکو کفالت میں لے لیں ورنہ تو لڑکوں کے ابا اماں تو ہوتے ہی ہیں کچھ لڑکیوں کی بد قسمتی سے انکے اماں ابا زندہ ہوتے او رتو اور ساتھ لڑکے کے مزید بہن بھائی تو ہوتے ہی ہیں۔خسارے کا سودا ہے بھئ۔
سسرال والوں کیلئے
بہت اچھے سسرال والے تھے۔ بہو کے سر پر سوار ہو کر رہے ناک تک عاجز بھی کیا کریڈٹس چل رہے تھے تو مکمل انجام دیکھا یہ سوچ کر دیکھا کہ جو فلم کے دوران تھے وہ اچھے تھے اور فلم جب ختم ہونے لگی تو جو دکھائی دیئے وہ اصل تھے۔مگر فلم یہاں ختم۔لڑکیوں فلم دیکھ کر اچھے سسرال کی آرزو نہ پال لینافلم ہے یہ ایسے سسرال والے حقیقت میں نہیں ہوتے۔
ذاتی رائے۔
میں بنٹی اور ببلی جیسی کوئی فلم سمجھی تھی ہیرو کا پہلے پانچ منٹ میں مکارانہ کاروبار پتہ لگ گیا مگر ہیروئن غلط تھی ہی نہیں۔ غلط جہاں لگنی چاہیئے وہاں بھی نہیں لگی۔اسے جھوٹی کیوں کہا بڑا غصہ آیا۔سادہ سی پیارکہانی ہے۔ کلائمکس پر فلم ختم ہو جاتی مگر آدھا گھنٹہ ہنسنانے اور کہانی بڑھانے کی کوشش میں وقت گزارا اور ٹھیک گزر گیا۔ نا بہت دلچسپ ہے نا بور نا مزاحیہ نا دکھی۔ بس ٹھیک ہی ہے۔ تھوڑا تیز تیز مکالمے بلائے دس دس سیکنڈ آگے کرکے دیکھی تو گزارے لائق مووی لگی مجھے۔ دیکھ لو تم سب بھی
Desi kimchi ratings : 3/5
شرط 1.5 % فاسٹ فارورڈ۔

Exit mobile version