Desi Kimchi |desi kdrama fans|

Unveiling the Thrills: A Review of the Blood-Pumping Indian Suspense Movie Blur

Blur… 

یہ فلم بلر کیوں ہے اسکا اندازہ آپکو فلم دیکھتے ہو جائے گا کیونکہ پوری فلم دھندلے مناظر اور گھپ اندھیرے میں بنائی ہے۔ ہارر سمجھ کر لگائی 2×رفتار پر دیکھتے بھی گھنٹے بھر میں سر میں شدید درد ہوگیا وہم ستانے لگے خاص کر آنکھوں سےمتعلق اور ۔۔  

کہانی شروع ہوتی ہے ہیروئن کے پھانسی لگانے سے۔ وہ اندھی ہے اور کسی نادیدہ انسان سے گھبرا کر بھاگتی ہوئی اپنی چھت پر موجود فالتو کمرے میں گئی اور پھانسی لگا لی۔ 

دوسرے منظر میں وہی ہیروئن گھبرا کر گلا پکڑتی بستر سے اٹھی ہے شوہر بھی گھبرا کر اٹھا ہے اسکے ساتھ ۔ کہہ رہی ہے میری بہن خطرے میں ہے مجھے فورا جانا ہے ملنے اس سے۔فون لگتا نہیں ہے میلوں دور سفر کرکے پہاڑ کے دامن میں گھر ہے اور پراسرار آسیب ذدہ گھر لگ رہا ہے  یہ دونوں دروازے کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوتے ہیں۔ ہیروئن پورے گھر میں پکارتی پھر رہی ہے اسکا شوہر ڈھونڈتا ڈھانڈتا چھت پر پہنچا دیکھا سالی صاحبہ پنکھے سے لٹک رہی ہیں۔ دراصل ہیروئن کا دو کردار ادا کر رہی ہے۔ نامعلوم وجوہ کی بنا پر سال بھر چھوٹی ہونے کے باوجود ایک شکل کی ہیں دونوں بہنیں۔ چھوٹی اندھی تھی۔ مگر فلم دیکھ کر اندازہ ہوگا بڑی بھی اندھی ہی ہے عقل کی اندھی۔

کہانی سے سبق ملتے ہیں۔

شوہروں کیلئے۔ 

بیوی اور سالی چونکہ بہنیں ہوتی ہیں تو انکی شکل ملتی ہی ہے مگر بیوی بیوی ہوتی ہے اسکے ساتھ فری پیکج کے طور پر سالی نہیں ملتی سالے۔۔ معزرت۔۔ 

سالیوں کیلئے۔

جو بہن کا نہ ہوسکا وہ تمہارا بھی نہ ہو پائے گا۔ سو بہنوئی سے چار کوس دوری کا فاصلہ رکھو خاص کر اگر تم اندھی ہو تو۔ 

پڑوسیوں کیلئے۔

اپنی بچیوں کو ٹچ اسکرین موبائل دلا دو۔ اور رات کو اکیلے جنگل میں گھومنے بھی نہ دیا کرو ۔گو ان دونوں کاموں سے کوئی فائدہ یا نقصان تو ہوگا نہیں کیونکہ ٹین ایجر آجکل کے ایسے نکمے بد تمیز ہیں کہ سنتے ہی نہیں۔ 

پڑوسی آنٹی کیلئے۔

بیٹے کو قتل و غارت کا شوق ہو تو اسے چھری نہیں دلا دیتے۔ ان آنٹی نے اپنے قاتل بیٹے کو لاڈ پیار کرکے جیسا خونخوار بنایا مجھے پکا یقین یہ بیوہ خود نہیں ہوئی ہوں گی۔ یہ سلسلے وار قتل کا رواج انکی پشتوں سے چل رہا ہوگا۔ پکا یقین

ڈاکٹر انکل کیلئے۔ 

مریض کو دوائیں خود دیں خود بتائیں۔ اتنا سا یہ کام کرلیتے تو جن نابینائوں پر اپنی توانائئ خرچ کرکے عطیہ کروائی گئ آنکھیں لگا کر بینائی دینا چاہ رہے تھے ان مریضائوں ( مریض کی مئونث اردو میں مریضہ ہوتی ہے )  کو بینائئ مل بھی جاتی۔ 

ہیروئن کیلئے۔

یہ بہن آنکھوں کے ساتھ بھی ذیادہ دیکھنے پر یقین نہیں رکھتیں تھیں۔ مطلب ایسا کونسا فلیش( کامک ہیرو) کی نسل کا قاتل تھا جو ایک لمحہ میں کندھے پر ہاتھ رکھتا تھا دوسرے لمحے میں غائب حالانکہ اجاڑ میدان میں کھڑی تھیں یہ جنگل بھی دور۔ پھر ان آنکھوں پر مستقل ہی پٹی باندھ کر رکھی۔ پندرہ دن کی پٹی میں موصوفہ نے زندگی بھر کی ٹھوکریں کھا لیں مگر عقل نہ آئی۔ 

قاتل کیلئے۔

یہ ہر طرح سے زبردست قاتل تھا۔اندھی لڑکیوں کو قتل کرتا تھا اندھی نہ رہیں تو اندھاکرکے ہی قتل کرتا تھا تاکہ جب انکی روحیں بدلا لینے کی نیت سے واپس آئیں تو اسے ہرگز نہ پکڑ پائیں۔اس قاتل کو بک بک بھی ذیادہ پسند نہ تھی۔ جو بک بک ذیادہ کرتیں انکو بھی مار دیتا۔ یہ خصوصیت بھی کسی کسی میں ہوتی میرے آپ جیسے تو صبر کے گھونٹ پی کر سنتے ہی رہ جاتے بک بک۔ 

ذاتی رائے۔ 

کئی دنوں سے سر میں درد نہ ہوا ہو خوشگوار زندگی گزر رہی ہو اور الٹی چکر بھی کافی دن سے نہ آئے ہوں تو یہ فلم دیکھ لو۔ ان تمام تکالیف میں افاقہ ہوگا۔ پوری فلم غیر ضروری اندھیرے میں فلمائی ہے کہ جب جب ہیروئن کو دھندلا دکھائی دے گا آپ بھی اپنی آنکھیں ضرور مسلیں گے آزمودہ ہے میرا۔ ہیروئن کے دکھ ایسے ہیں کہ ہیروئن پر ترس آنا چاہیئے غصہ آئے گا۔ اوپر سے اتنا گندا کیمرہ ورک ہے فلم دیکھتے سر گھوم جائے گا سو لیٹ کر دیکھنا۔ اور الٹی کروانے کا کام قاتل کے ذمے۔ ایسا خون غلاظت کیچڑ میں لتھڑے مناظر ہیں کہ گھن آجائے۔ یہ تو سفید سوپ بھی بد شکل ہی بناتا ہے۔ 

یہ فلم ایک اچھی کسی ہالی ووڈ مووی کی بری نقل ہے۔ بلکہ کئی ہالی ووڈ موویز ملا کر انکی بری نقل ہے۔ دیکھنے کے لائق فلم میں مجھےتو کچھ نہ لگا۔ ڈھائی گھنٹے کی فلم دگنی رفتار پر آگے آگے کرکے ایک گھنٹے میں مکائی اورپچھتائی سو تم لوگ ضرور دیکھو تاکہ میرا پچھتاوا کم ہو کہ صرف میرا وقت برباد ہوا ہے۔ 

Desi kimchi ratings: 3/5

تھری اسی لیئے کہ تم سب دیکھو میں ہی کیوں آخر سب دیکھ کر بیٹھی ہوں۔

Exit mobile version