مائی ری دیکھا۔
ڈرامہ تھا بچوں کی شادی کے خلاف مگر ان دونوں بچوں کو دیکھنا ہی مزے کا لگا مجھے۔بالکل نئے اداکار وہ بھی اچھے ۔ انکی نوک جھونک مزے کی تھی۔ کہانی تھی ایک عدد ابا جان کی جنکو انکشاف ہوا کہ وہ مرنے والے ہیں سو انہوں نے اپنےپندرہ سالہ بیٹے کی شادی کروا دی اپنی بھتیجی سے جو اس سے ایک دو سال ہی چھوٹی تھی۔ دونوں بچے دکھائے گئے رشتے کی نزاکتیں نہیں سمجھتے مگر انکو بلکہ لڑکے کو مار مار کر نبھانے پر مجبور کیا گیا۔ سو دونوں کزن جو پہلے ایک دوسرے کے دوست تھے اب جانی دشمن بن گئے اور اماں ابا بھی۔ ہے نا مزے کی بات بچے معصوم مگر اتنے بھی نہیں تھے جتنے سمجھے گئے۔
کہانی سے سبق ملتے ہیں۔
دادیوں کیلئے۔
وقت پر مرجائو ۔ ورنہ طبعی موت نہیں ملے گی۔
بیویوں کیلئے۔۔
شوہروں کی نازبرداری کرو کتے والی زندگی ملے گی۔ مطلب ایک ایک بیوی جس نے اپنے شوہر کی نازبرداری کی خیال رکھا پیار کیا اسکی کتے والی ہوئی اور جس جس نے جوتے کی نوک پر رکھا انہوں نے چین کا سانس بھرا۔ سو تمام بیویوں شوہروں کو شوہر سمجھو۔ خبردار جو عزت دی۔۔
نندوں کو سبق۔
اپنی بھاوجوں کا جینا حرام کرو زندگی سکھ میں گزرے گی۔
نندوئیوں کیلئے سبق۔۔
اپنے سسرال کی کمائی پر نظر رکھو دو چار فراڈ کرکے غیر ملک نکل جائو بیوی بچوں کا خرچہ سسرال والوں پر ڈال دو لمبی عمر ملے گی اور زندگی سکھ میں گزرے گی۔ اگر جو شریف داماد بنے تو زندگئ مختصر ہوجائے گی۔
بھاوجوں کیلئے۔
اپنی نندوں سے ڈرو دبو تاکہ انکے شوہروں اور بچوں کی ذمہ داریاں اٹھا سکو
بچوں کیلئے۔
اپنے اماں ابا کو جھگڑوں میں ڈال کر رکھو تاکہ وہ جب لڑیں آپس میں لڑیں اور آپ سے کبھی اسکول کی کارکردگی پر سوال نہ کریں۔ ایک سبق اور بھی ملتا ہے۔
اپنی زندگی میں مسلئوں کو ایسے ہی نظر انداز کرو جیسے اس ڈرامے میں عینی او رفاخر کے سوا باقی بچوں کو کیا گیا ہے۔ دو ایک جگہ تو عنایہ موجود بھی نہیں ہوتی تھی اسکو فیڈر پلا دیتے تھے اور عنایہ جتنی بار نظر آئی نئی شکل میں نظر آئی۔ عنایہ نہ ہوئی گرگٹ ہوگئ۔
مرنے والوں کیلئے۔
بچوں کی شادیاں کروالو اگر لگنے لگا ہو کہ مرنے والے ہو۔ کیونکہ ہو سکتا ہے صحیح لگ رہا ہو۔ آپکے گھر میں شادی کا دھوم دھڑکا ختم ہوتے ہی آپکے انتقال پر ہو کا عالم چھا جائے۔
لڑکوں کیلئے۔
ابا اگر زبردستی شادی کرارہے ہوں تو خوب نخرے کرو مگر کر لو کیا پتہ ابا گزر جائیں اور تم آرام سے طلاق لیکر دوسری شادی کرسکو۔ اس میں تمہارا کوئی نقصان نہیں بچے بیوی اور ساس پال لیں گی۔
لڑکیوں کیلئے۔
بہنوں۔مائونٹ ایورسٹ فتح کرلو، خلا میں نکل جائو مریخ کی سیر کر آئو یا نارتھ پول پر جا کر تندو ربنا کر روٹیاں سینک لو یہ سب کر سکتی ہو سوائے اپنے شوہر کا دل جیتنے کے۔ مطلب بندی نے پورا سسرال کندھوں پر اٹھا لیا مگر فاخر صاحب ماش کے آتے کی طرح اینٹھے رہے۔ او بھائی بیوی مل گئ بچی مل گئ محبت کیلئے کونسا شان تکہ مصالحہ کم پڑگیا تمہاری کدوزندگی کی کی ہنڈیا میں؟ جو پیٹ درد ہوا بخار ہوا پڑھائی کا شوق سوار ہوا مگر محبت نہ ہوئی۔ کسی اچھےنفسیات کے ڈاکٹر سے مشورہ کرو بھائی نفسیاتی مسلئہ ہے تمہارا ۔
ذاتی رائے۔
پورا ڈرامہ دیکھ لو آخری دو قسطیں نہ دیکھنا بھئ دماغ کی دہی نہیں بنے گی لسی بن جائے گی۔۔ عینی بیچاری اور فاخر کمینہ لگے گا حالانکہ فاخر ہے بڑا پیارا۔ اور آخری قسط میں جو بڑا بڑا دکھانے کو اسکی وارڈروب بدلی مجھے اور پیارا لگ گیا۔ پر کیا کریں۔ اب اگلا زندگی کا ڈرامہ بڑی دلہن چھوٹے دلہے پر تو نہیں بن سکتا تھا۔۔۔ میرے لیئے ہیونگ سک ہی ٹھیک ہے۔ پالو مس یو۔آہم اوہو۔ بھول گئ سنجیدہ تبصرہ جاری ہے۔
Desi kimchi ratings : 3.5/5
آخری دو قسطوں کے آدھے نمبر کاٹے مگر دل کررہا سارے کاٹ لوں۔ جو ڈرمہ ہٹ ہو اسے بکواس کرنا ضروری ہے منحوسو۔